گوادر: کامیاب ہوکرعوام کی خدمت کریں گے، جمیل آدم

سلیمان ہاشم



 سیاسی جماعتوں کے پاس نظریات کا فقدان ہے، کوئی منشور نہیں رکھتا، الیکشن کا وقت ہے عوام کو دیگر پارٹیاں سبز باغ دکھانے آرہی ہیں لیکن عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کے پاس کوئی وژن، نظریہ اور منشور نہیں۔ ہم کسی کے دائیں بائیں نہیں رہیں گے۔ ہمارا ماضی بے داغ اور منشور کلئیر ہے۔ 

 ان خیالات کا اظہار سابق تحصیل نائب ناظم اور امیدوار برائے چئیرمین یوسی 4 پیشکان  کے معتبر سیاسی شخصیت جمیل آدم نے گوادر پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں میں نظریات کا فقدان ہے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کے پاس کوئی وژن اور منشور نہیں۔ گزشتہ کئی عرصے سے عوامی ووٹوں سے کامیاب نمائندوں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کا وقت آن پہنچا ہے۔ ووٹ بٹور کر عوام سے دور رہنے والے ایک مرتبہ پھر عوام کے قریب آ کر ان کو سبز باغ دکھانے اور ان سے وعدہ کرنے آرہے ہیں۔ لیکن اب کی بارعوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے کیونکہ عوام ان کی کارکردگی سے مایوس دکھائی دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ باقاعدہ اپنا منشور لیکر اور ایک وژن کے ساتھ میدان میں اترے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کامیاب ہوکر علاقے کے عوام کی بھرپور خدمت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد یوسی پیشکان آفس کی بحالی سمیت سینیٹری عملے میں اضافہ اور علاقے کی گلی کوچوں کی روزانہ صفائی ستھرائی کروائی جائے گی۔ آئندہ انتخابات سے قبل پیشکان کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دلانے کی کوشش کی جائے گی۔

 پیشکان کو ماڈل ٹاؤن بنانا اور ادارہ ترقیات سے اس کے انفراسٹرکچر ماسٹر پلان کے تحت منظور کرانا ہمارا وژن ہے۔

پشکان جس کی قلیل آبادی ہے۔ ہم پشکان کو تعلیم کا گہوارہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ پشکان کے طلبا میں بڑا ٹیلنٹ ہے۔ اس سال دس طلبا کو اسکالر شپ ملی ہے۔ 7 طلبا مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ ماہیگیروں کی سہولت کے لیے شیڈ تعمیر کرانا، بیسک ہیلتھ یونٹ کو آر ایچ سی کی لیول تک اپ گریڈ کرانا، لو کل سرٹیفیکیٹ کے حصول کے لیے یوسی آفس میں سیل قائم کرنا اورعلاقے میں اسپورٹس کی ترویج و ترقی ان کے وژن کا حصہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ کامیابی کے بعد اپنے پینل کی جانب سے یوسی چیئرمین کے امیدوار ہوں گے اور کامیاب ہونے کے بعد علاقے کے عوام کی بے لوث خدمت کریں گے۔

جدید تر اس سے پرانی

Archive