ادارتی نوٹ برائے قارئین و مصنفین

 ایڈیٹر

حال حوال کا قارئین اور لکھاریوں‌ کے ساتھ پہلے دن سے بہ راہِ راست رشتہ قائم ہے۔ حال حوال ٹیم کی کوشش رہی ہے کہ قارئین اور لکھاریوں‌ کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرے۔ لکھاریوں‌ کی کاوش اور حال حوال کی محنت نے روزِ اول سے اس ناطے کو مضبوط کرنے میں‌ اپنا کردار ادا کیا ہے۔

قاری و لکھاری حال حوال!

جیسا کہ آپ کے علم میں‌ ہے کہ حال حوال کو اس کی ٹیم پہلے دن  سے رضاکارانہ بنیاد پر چلا رہی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد بلوچستان کے ان مسائل کو اجاگر کرنا ہے جو عموما مین سٹریم میڈیا کا حصہ نہیں بنتے۔ عوامی مسائل،ان  پر تبصرے اور تحریریں ہمیں‌ لکھاریوں‌ کے ذریعے ہی موصول ہوا کرتی ہیں جنھیں شائع کر کے ہم قارئین تک پہنچانے کا کام کرتے ہیں۔ چوں کہ یہ ویب سائٹ رضاکارانہ بنیادوں‌ پر چلائی جا رہی ہے، سو پوری ٹیم رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہی ہے۔ بسا اوقات ٹیم کے پاس وقت کی قلت ہوتی ہے یا انٹرنیٹ کا مسئلہ آ جاتا ہے، اس صورت میں‌ بعض تحریریں یا رپورٹس ہم بروقت شائع نہیں‌ کر پاتے جو اُن لکھاریوں‌ پر گراں‌ گزرتا ہے جو تحریر بروقت چھپنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ کبھی کبھار تاخیر کی صورت میں‌ لکھاری تحریر کو سوشل میڈیا کا حصہ بنا دیتا ہے۔ جس سے ویب سائٹ کے لیے اس کی افادیت نہیں رہتی۔ گزارش یہ ہے کہ لکھاری ذرا صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ 24 گھنٹے تک تحریر شائع نہ ہونے کی صورت میں‌ وہ اسے بلاشبہ سوشل میڈیا کا حصہ بنا لیں۔

چند ایسے لکھاری جو اپنی تحریر پہلے سوشل میڈیا پر ڈال دیتے ہیں‌، ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ تحریر حال حوال کا بھی حصہ بنے۔ایسے لکھاریوں‌ سے گزارش ہے کہ سوشل میڈیا میں‌ شائع کردہ تحریر حال حوال شائع نہیں‌ کرتا۔ اس صورت میں لکھاری وہ تحریر بھیجنے کی زحمت نہ کریں۔

بہت سے لکھاری ایسے بھی ہیں‌ جن کی خواہش ہے کہ ان کی ایک ہی تحریر بیک وقت درجنوں آن لائن ویب سائٹس کا حصہ بنے۔ ادارہ حال حوال ایسے لکھاریوں‌ کی ان تحریروں‌ کو چھاپنے سے معذرت خواہ ہے جو پہلے ہی کسی اور ویب سائٹ پر شائع ہو چکی ہوں۔

وہ لکھاری جو تحریر لکھتے ہی فوراًحال حوال کو ارسال کرتے ہیں،حال حوال کی ٹیم ان سے گزارش کرتی ہے کہ وہ لکھی گئی تحریر کو بھیجنے سے قبل کم از کم دو بار خود اس کا مطالعہ کریں ،اس سے انھیں خود اپنے مضمون کی اصلاح‌ کرنے میں‌ مدد ملے گی۔ اس سے یہ بھی ہو گا کہ جو وقت حال حوال ٹیم ایک یا دو مضامین پر لگا سکے گی، وہ وقت زیادہ سے زیادہ مضامین کی اپ لوڈنگ پر لگایا جا سکتا ہے۔

جیسا کہ اوپر بتایا جا چکا ہے کہ حال حوال ٹیم رضاکارانہ بنیاد پر ویب سائٹ‌ کو وقت دیتی ہے، اس سلسلے میں‌ ہمیں لکھاریوں‌ کا تعاون درکار ہو گا۔ لکھاری کوشش کریں کہ ان کی تحریر 700 سے 1000 الفاظ کے درمیان ہو، اس سے تجاوز نہ کریں۔ نئے لکھنے والے اپنا مختصر تعارف اور تصویر ضرور بھجوائیں۔ مضمون کا عنوان واضح اور نمایاں لکھیں۔ نیز یہ کہ تحریر بھجوانے کے بعد اشاعت کے معاملے میں ذرا سا تحمل کا مظاہرہ کریں۔

حال  حوال کی ویب سائٹ عموماً دن میں دو بار صبح 10 سے 12 اور شام 6 سے 8 بجے کےدرمیان اپ ڈیٹ ہوتی ہے۔ ماسوائے اس کے کہ کوئی انتہائی اہم واقعہ یا فوری نوعیت کی کوئی رپورٹ ہو تو اسے کسی بھی وقت اپ لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ یہ بھی ذہن نشین رہے کہ حال حوال پر خبریں شائع یا نشر نہیں ہوتیں۔ اہم نوعیت کے واقعات کی فالو اپ اسٹوریز کو ضرور جگہ ملتی ہے۔ عوامی مفاد اور دلچسپی کی خبریں البتہ ویب سائٹ کے فیس بک پیج پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ 

حال حوال کا "اداریہ" اس کی ادارتی پالیسی اور نقطہء نظر کا غماز ہے۔ اداریہ ہفتہ وار، ہفتے میں صرف ایک بار اتوار کے روز اپ لوڈ ہوتا ہے۔

ہم اپنے قارئین و مصنفین کے تعاون کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

Post a Comment