{ads}


 
تحریر: کِیا بلوچ، اکبر نوتیزئی

انگریزی سے ترجمہ: فرید مینگل

شبہ ہے کہ منگل کے روز مِنی بس ڈراٸیور نے سڑک کے کنارے کھڑی مشکوک عورت پر کوٸی توجہ ہی نہیں دی اور چینی ثقافتی مرکز میں داخل ہونے کے لیے گاڑی کو موڑ دیا۔

شاید اس نے اگلا لمحہ دیکھا ہی نہ ہو جو سی سی ٹی وی فوٹیج میں ریکارڈ ہوا جب روایتی لباس میں ملبوس برقعہ پوش ایک خاتون نے مخالف سمت میں چہرہ کر کے معمولی جنبش کے ساتھ  دھماکہ خیز مواد سے بھرے کندھوں پر لٹکاٸے بیگ کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ویڈیو میں خودکش حملہ آور 31 سالہ خاتون جسے شاری بلوچ کے نام سے پہچانا گیا، فوراً ایک آگ کے شعلے میں مِنی بس کے گرد بکھر گٸی۔ مِنی بس میں سوار چار افراد بشمول تین چینی اساتذہ کے مارے گٸے جو کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس ادارے میں چینی زبان پڑھانے جا رہے تھے۔

حملے کو فوراً کالعدم مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کیا جو پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلوچستان کی آزادی کے لیے لڑنے والی ایک کالعدم تنظیم ہے۔ یہ اکثر چینی اہلکاروں کو نشانہ بناتی ہے۔

الجزیرہ کو بھیجے گٸے ایک ای میل میں گروپ نے دعویٰ کیا ” اس مشن کو اولین بلوچ خاتون فداٸی (شہید) نے سر انجام دیا۔“

ای میل میں انھوں نے مزید کہا ” کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ جو کہ چین کے معاشی، ثقافتی اور سیاسی توسیع پسندی کی علامت ہے، کے ڈاٸریکٹر اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا مقصد چین کو ایک واضح پیغام دینا ہے کہ بلوچستان میں اس کی براہِ راست یا پھر بالواسطہ موجودگی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاٸے گا۔“

بی ایل اے نے اپنے جاری کردہ بیان میں چین کو خبردار کیا کہ وہ فوراً اپنے ”استحصالی منصوبوں“ کو پاکستان میں روک دے۔ گروپ نے مزید خبردار کیا کہ بصورتِ دیگر اس کے سیکڑوں اعلٰی تربیت یافتہ ”مرد و خواتین ارکان“ مستقبل میں سخت ترین حملے کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بی ایل اے کی پہلا خاتون خودکش حملہ آور:

مجید برگیڈ بی ایل اے کا وِنگ، جو کہ خودکش حملے منظم کرنے کا ذمہ دار ہے، نے کہا ہے کہ یہ ان کا اوّلین آپریشن ہے جسے ایک خاتون نے سر انجام دیا۔

خاتون حملہ آور کی آمد نے پاکستان کے سیکیورٹی تجزیہ نگاروں کو پریشانی اور خوف میں مبتلا کر دیا ہے جن کا ماننا ہے کہ یہ حملہ علیحدگی پسندوں کے ”شدید و سخت بنیاد پرستی“ کا اظہار کرتا ہے جو کہ پچھلے 20 سال سے ایک خون ریز بغاوت کر رہے ہیں۔ ابھی کچھ عرصہ پہلے تک بلوچ علیحدگی پسند خودکش حملوں بالخصوص خواتین کے خود کش حملوں کی مذمت کرتے تھے۔

وہ اپنے آپ کو کو سیکیولر قوم پرست کے طور پر دیکھتے ہیں اور اُن مسلمان گروپوں کے ساتھ ان کی بہت ہی کم مشابہت ہے۔ جیسے کہ پاکستانی طالبان خودکش حملوں کا وسیع پیمانے بلکہ پاگل پن کے حد تک استعمال کرتے ہیں۔

محمد عامر رانا اسلام آباد میں رہنے والے سیکیورٹی تجزیہ کار ہیں۔ وہ کہتے ہیں بلوچ بغاوت آگے بڑھتے ہوٸے تیزی سے پیرو کے باٸیں بازو کے ”شاٸننگ پاتھ“ نامی مسلح گروپ سے مشابہت رکھتی ہے جو اپنی ظالمانہ کاررواٸیوں کےلیے جانا جاتا ہے۔

پیرو گروپ کے مرکزی رہنما بھی مزاحمت کی بات کرتے ہوٸے اکثر چے گویرا، نیلسن منڈیلا اور بھگت سنگھ کی مثالیں دیتے ہیں۔ وہ بھی مذہبی شدت پسندی کی مذمت کرتے ہیں۔

عامر رانا نے الجزیرہ کو مزید بتایا کہ ” گروپ (بی ایل اے) کو بھی مسلح اسلامی گروپوں کے طریقہ کار کے استعمال سے اس وقت تک کوٸی مسٸلہ نہیں جب تک اس کے تحت مقاصد حاصل ہو جاتے ہیں۔“

شاری بلوچ اس بات کی واضح علامت ہیں کہ علیحدگی پسند تحریک جسے ایک وقت قباٸلی سربراہ چلاتے تھے آج کس طرح بلوچستان کے اکثریتی اعلٰی تعلیم یافتہ اور پیشہ ور مڈل کلاس لوگوں کے ہاتھ میں آ گٸی ہے۔

پاکستان کے ایک سیکیورٹی ایجنسی کے الجزیرہ کو بھیجے گٸے ایک ڈاکیومنٹ کے مطابق زولوجی میں ماسٹرز ڈگری رکھنے والی شاری بلوچ ایک اسکول ٹیچر تھیں، اور جس وقت اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا اس وقت وہ کراچی یونیورسٹی کے ایک اور پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں داخل تھیں۔

شاری بلوچ کے شوہر ایک ڈاکٹر (ڈینٹسٹ) اور مکران میڈیکل کالج میں پروفیسر ہیں۔ اس کے والد ایک ریٹاٸرڈ سرکاری ملازم ہیں، وہ تربت یونیورسٹی میں رجسٹرار رہ چکے ہیں جو کہ ان کا آباٸی علاقہ بھی ہے۔

شاری بلوچ کے تین بھاٸیوں میں سے ایک ڈاکٹر ہے، ایک گورنمنٹ کے فنڈ کردہ پروجیکٹ میں ڈاٸریکٹر ہے اور ایک بھاٸی سرکاری ملازم ہے۔ پانچ بہنوں میں سے ایک بہن تربت یونیورسٹی میں پڑھاتی ہے۔ شاری بلوچ کے چچا ایک ریٹاٸرڈ پروفیسر ہیں اور ایک نام ور مصنف، شاعر اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن بھی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شاری بلوچ کے کم از کم دو رشتہ دار بلوچستان میں جاری مسلح جدوجہد کا حصہ رہے ہیں۔

چینی سرمایہ کاری کی مخالفت:

1947 میں پاکستان کی آزادی کے بعد سے اب تک بلوچستان میں پانچ بغاوتیں ہوٸی ہیں، 2000 میں شروع ہونے والی موجودہ تحریک سب سے طویل ترین ہے۔

اس لڑاٸی میں ہزاروں لوگ مارے گٸے ہیں۔ کٸی لوگ باغیوں کی معاونت کے شبہے میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے غیر قانونی طورپر لاپتہ کر دیے گٸے ہیں۔

2018 میں بلوچ قوم پرست پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل نے 5000 افراد کی ایک لسٹ اس وقت عمران خان کی حکومت کو پیش کی تھی، خدشہ ہے کہ یہ لوگ جبری گم شدگی کا شکار بناٸے گٸے ہیں۔ لیکن دوسال بعد مینگل نے مخلوط حکومت سے یہ کہہ کر کنارہ کشی اختیار کر لی کہ حکومت لاپتہ افراد کو ڈھونڈنے میں ناکام ثابت ہوٸی ہے۔

خطے میں سڑکوں، پاور اسٹیشنز اور بحیرہ عرب میں گوادر پورٹ پر خطیر سرمایہ کاری کرنے پر بلوچ قوم پرست چین کے مخالف ہیں۔ بیجنگ کو وہ لوٹ مار کرنے، وساٸل لوٹنے اور مقامی آبادی کو کوٸی فاٸدہ نہ پہنچانے پہ مورِد الزام ٹھہراتے ہیں۔

بی ایل اے چین پر الزام عاٸد کرتی ہے کہ وہ نہ صرف چین کی مالی معاونت کر رہا ہے بلکہ پاکستانی فوج کو ساز و سامان دے کر باغیوں کے خلاف جنگ میں اسے مضبوط بھی کر رہا ہے۔

آزادی پسندوں کو خوف لاحق ہے کہ سرمایہ کاری کی یہ لہر پاکستان کے دوسرے حصوں سے لوگوں کو صوبے میں آنے پر ابھارے گا جس کے نتیجے میں وہ اپنے روایتی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل ہوں گے۔ 
 
حالیہ سالوں میں چینی شہریوں پر بلوچستان اور کراچی میں حملوں کا ایک سلسلہ رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ حملے کی مذمت کی اور اظہارِ افسوس کے لیے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو پاکستان میں چینی شہریوں اور اداروں کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم بھی دیا۔

مشل کگلمین امریکہ میں مقیم پاکستانی امور کے ماہر ہیں، کہتے ہیں کہ ایسے حملوں سے چین پسپا نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ” چین اپنی سرمایہ کاری کی حکمتِ عملی کے لیے بشمول دہشت گردی کے بہت سارے خطرات  کا سامنا کرنے کو تیار ہے۔ یہ حملہ چین کو سامان سمیٹ کر پاکستان چھوڑنے پر آمادہ نہیں کرے گا۔“

امن کے کوششوں کی ضرورت:

پاکستان میں ہونے والے حالیہ خودکش حملے کے پیچھے مجید برگیڈ کا ہاتھ ہے۔ 2018 میں چینی کونسل خانے پر حملے سمیت 2020 میں کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملہ بھی اسی نے کیا تھا۔

گروپ (مجید برگیڈ) 2011 میں بنایا گیا تھا جسے عبدالمجید بلوچ کا نام دیا گیا تھا جس نے 1974 میں پاکستان کے سابقہ وزیر اعظم ذولفقار علی بھٹو کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔ بھٹو نے ایک سال قبل بلوچ قوم پرستوں کے خلاف ملٹری آپریشن کا حکم دیا تھا۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھٹو کے قتل سے قبل ہی مجید کو مار دیا تھا۔

بلوچستان میں باغیوں کے خلاف بڑے پیمانے پرعسکری کریک ڈاٶن کے ساتھ  دفاعی تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ اب لگتا یہی ہے کہ بی ایل اے ایک بار پھر کراچی کو اپنی تواناٸیوں اور توجہ کا مرکز بناٸے گی اور خواتین جنگ جوٶں کا استعمال کرے گی کہ وہ نظر میں آٸے بغیر کام کر سکتی ہیں۔

اینڈریو سمال جو چینی امور کے ماہر ہیں اور جرمن مارشل فنڈ پروگرام میں ٹرانس ایٹلانٹک فیلو بھی ہیں، انھوں نے الجزیرہ کو بتایا ” یقیناً 2000 کے بعد سے اس وقت یقیناً چین کو شدید سیکیورٹی مشکلات کا سامنا ہے مگر اب معاشی سرمایہ کاری بھی بہت بڑی ہے اسی لیے دونوں اطراف کے لیے اس وقت بہت کچھ داٶ پر لگا ہوا ہے۔“

اسلام آباد میں مقیم صحافی مبشر زیدی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی نٸی حکومت مین اسٹریم بلوچ سیاست دانوں سے رابطہ کرے اور ان کے ذریعے علیحدگی پسندوں تک پہنچنے کی کوشش کرے۔ انھوں نے الجزیرہ کو بتایا کہ آج پاکستان کو درپیش دہشت گردی کی لہر کا بنیادی چیلنج یہ ہے کہ بلوچ علاقوں میں بلوچ علیحدگی پسندوں کے ساتھ بات چیت کی جاٸے۔

”یہی وقت ہے کہ امن کےلیے کوششیں کی جاٸیں۔“

بلوچ خاتون کی جانب سے کیے گٸے خودکش حملے نے دیگر خواتین کو بھی خوف زدہ کیا ہے جو کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں اپنے پیاروں کی بازیابی کےلیے احتجاج کرتی ہیں جنھیں پاکستان کے خفیہ اداروں نے اٹھایا ہے۔

23 سالہ سمی بلوچ جن کے والد ڈاکٹر دین محمد بلوچ 2009 سے اب تک لاپتہ ہیں، کہتی ہیں،” بغاوت میں یہ بدلاٶ خوف ناک ہے۔“ 
 
ِسمی اس وقت 10 سال کی تھیں جب ان کے والد کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں اس کے کلینک سے اغوا کیا گیا، تب سے وہ اسلام آباد، کراچی، اور کوٸٹہ میں اپنے والد کی بازیابی کےلیے احتجاج کرتی رہی ہیں۔

سِمی نے الجزیرہ کو بتایا کہ ” لاپتہ افراد کے لواحقین پہلے سے ہی ان کی نظر میں ہیں۔ ایسا حملہ پاکستانی اداروں کو جواز فراہم کرے گا کہ وہ پرامن خواتین کو بھی دباٸیں جو سالوں سے پر امن طورپر اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے جدوجہد کرتی آ رہی ہیں۔“

یہ تحریر الجزیرہ انگلش اور لکھاریوں کے شکریے کے ساتھ شایع کی جا رہی ہے۔

اصل تحریر پڑھنے کےلیے یہاں کلک کریں:

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی